خبرنامہ پاکستان

آف شورکمپنیاں خریدنا غیر قانونی نہیں :حسین نواز

لاہور:(آئی این پی)حسین نواز نے پانامہ لیکس میں آنے والی تین کمپنیوں سے تعلق کی تصدیق کر دی ، کہتے ہیں آف شور کمپنی خریدنا غیر قانونی نہیں ، ان کے لندن میں دو فلیٹس ہیں ۔ دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کے دوران وزیر اعظم کے صاحبزادے نے ناقدین کو نواز شریف اور شہباز شریف کے نام خفیہ پراپرٹی سامنے لانے کا چیلنج کر دیا ۔ پروگرام “دنیا کامران خان کے ساتھ ” میں گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا تین کمپنیوں کے حوالے سے پانامہ لیکس کی باتیں درست ہیں ، مریم نواز شریف کی ملکیت کوئی پراپرٹی نہیں ۔ وزیر اعظم کے صاحبزادے نے تصدیق کی کہ سعودی عرب میں سٹیل فیکٹری بیچ کر لندن میں دو اپارٹمنٹ خریدے گئے ۔ حسین نواز کا کہنا تھا کہ ان پر اوورسیز پاکستانیوں کی طرح ٹیکس کا نفاذ نہیں ہوتا ۔ انہوں نے پاکستان میں کسی بزنس پارٹنر شپ سے بھی انکار کیا ۔ حسین نواز نے مزید کہا کہ آج تک سعودی عرب یا برطانوی حکومت سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا ۔ ناقدین کو چیلنج ہے کہ وہ وزیر اعظم یا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملکیت کوئی خفیہ پراپرٹی سامنے لا کر دکھائیں