خبرنامہ پاکستان

اپنی قومی شناخت پرکبھی آنچ نہیں آنےدینگے:ممنون

اسلام آباد(آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی قومیں سرا ٹھا کر چل سکتی ہیں جو اپنی اقدار کو مضبوطی سے تھام لیتی ہیں اور اپنی قومی شناخت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیتیں اس سلسلے میں خواتین کی ذمہ داریاں دوسروں سے بڑھ کر ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات وفاقی تعلیمی بورڈ کے تیسویں جلسہ تقسیم اسناد و اعزازات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت کی بھی برابر کی اہمیت ہے جسے تعلیم کا لازمی حصہ بنا دیا جائے تو اس کے بہت مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور ہمارے بچے مسائل اور مشکلات سے مایوس ہونے کی بجائے امید کا دامن ہاتھ سے کبھی نہ چھوڑیں گے اور مثبت انداز فکر اختیار کر کے قوم کی طاقت بن جائیں گیاور زمانے کی اونچ نیچ کو سمجھ کر اپنے لئے درست راستے کا انتخاب کر سکیں گے۔ صدر مملکت اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ اساتذہ کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ دے رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس کے لئے ضروری ہے کہ تعلیمی بورڈ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو اپنے تجربات کے نتائج سے آگاہ کرتے رہیں تاکہ تعلیمی نصاب میں بھی وقت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق تبدیلی آتی رہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نصاب کی تشکیل نو کی جو ذمے داری ان کے سپرد کی ہے اس کی ادائیگی کے لییاپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انھوں نے کہا کہ نصاب کی تشکیل نو اس لیے بھی ضروری ہے کہ نئی نسل اپنی تاریخ اور مشاہیر سے پورے طور پر واقف ہوسکے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ دنیا وہی قومیں ترقی کرسکتی ہیں جو سیاسی اور اقتصادی طور پر مضبوط ہوں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان اس کے لیے خود کو تیار رکھیں تاکہ زندگی کے مختلف شعبوں میں قوم کو غیروں کی طرف نہ دیکھنا پڑے اور جب ضرورت پڑے ہمارے نوجوان اپنی ذمہ داریاں اپنے ہاتھ میں لے لیں۔ صدر مملکت نے کہا حقیقی قومی ترقی کے لیے خواتین کا قومی ورک فورس میں شامل کرنا بہت ضروری ہے اس سلسلے میں وہ اعلی ترین تعلیم حاصل کریں اور اس جے راستے میں کوئی رکاوٹ میں نہ لائیں۔ وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر بلیغ الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں مسلسل بہتری لارہی ہے اس سلسلے میں امتحانی نظام کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت طلبہ کے لیے مزید وظائف اور قرض حسنہ کے پروگرام بھی شروع کررہی ہے۔صدر مملکت نے اس موقع پر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹ اور میڈل بھی عطا کیے۔