خبرنامہ پاکستان

اپنے سرمائے کی تفصیلات دینے کا پابند نہیں ہوں: پرویز مشرف

لاہور: (ملت+اے پی پی) سابق صدر پرویز مشرف کا دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بندے کو حق نہیں پہنچتا کہ میرے اکاؤنٹس کی مجھ سے تفصیلات پوچھے۔ اگر پیسے کا کرپشن سے تعلق ہے تو میں جوابدہ ہوں، مگر میں اپنے کسی نجی سرمائے کی تفصیلات دینے کا پابند نہیں ہوں۔ میں اپنے خون پسینے کی کمائی کا حساب نہیں دوں گا۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا بھر میں لیکچرز دے کر پیسے کمائے۔ میں 45 منٹ لیکچر دینے کا ڈیڑھ لاکھ ڈالرز لیتا ہوں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سابق فرمانروا شاہ عبداللہ نے میرے اکاؤنٹ میں پیسے جمع کروائے۔ نومبر 2009ء میں میرے اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے پیسوں کا اکاؤنٹ ابھی بھی بند نہیں ہوا۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ مجھے صحت کی پیچیدگیاں ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں بالکل ہی ہل جل نہیں سکتا۔ میں بالکل ٹھیک ٹھاک ہوں اور باقاعدگی سے ورزش کرتا ہوں۔ میں پاکستان واپس آنا چاہتا ہوں۔ حالات کچھ بہتر ہوجائیں تو میں ضرور پاکستان آؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے اوپر سیاسی مقدمات بنائے گئے ہیں۔ اب تک شفاف ٹرائل نہیں ہو رہا، اگر ہو رہا ہوتا تو اب تک کیس ختم ہو جاتے۔