خبرنامہ پاکستان

اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) اپوزیشن جماعتوں نے پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیراعظم محمد نوازشریف سے فوری طورپر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا،اپوزیشن نے واضح کیا ہے کہ نوازشریف کے وزیر اعظم رہتے ہوئے وہ جے آئی ٹی کی تحقیقات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں جبکہ حکمران جماعت نے اپوزیشن کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اپوزیشن کے دلائل میں کوئی وزن ہوتاتو سپریم کورٹ ان کے الزامات کے حوالے سے جے آئی ٹی نہ بناتی،حکومتی جماعت نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کیونکہ اس کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو شکست ہوئی ہے لہذا کارکن تحریک انصاف کی قیادت کے علامتی طور پر ہر چوک میں غائبانہ جنازے پڑھیں گے۔اس امر کا اظہار جمعرات کو سپریم کورٹ میں پانامہ کیس پر فیصلے کے بعد امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،لیاقت بلوچ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری،ڈاکٹر شریں مزاری،وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،وزیرمملکت کیڈڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری نے میڈیا سے الگ الگ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیس کا آئینی اور قانونی پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کے حوالے سے الزامات درست ثابت ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ تفتیش کیلئے جے آئی ٹی بن رہی ہے،آئین اور قانون اور اخلاقی تقاضا ہے کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں نوازشریف وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں کیونکہ وزیراعظم جے آئی ٹی کی تحقیقات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں،اخلاقی طور پر وہ اقتدار سے الگ ہوجائیں اور جے آئی ٹی کی تفتیش کا سامنا کریں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی طرف سے کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک جاری رہے گی،سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے کرپشن کے خلاف اس آواز کو تقویت ملے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الزامات کو درست تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم کو شامل تفتیش کیا ہے،نوازشریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دینا چاہیے،قوم کو دھوکہ دیا جارہا تھا،قومی اسمبلی میں بھی جھوٹ بولا گیا اور سپریم کورٹ میں بھی غلط بیانی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو دیکھا جائے کہ سپریم کورٹ کے پانچوں ججز نے الزامات کو درست تسلیم کیا ہے،تاریخ ساز فیصلہ ہے،سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ہمارے کارکنان فیصلے پر مطمئن ہیں اور ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان اور ان کے دیگر رہنماؤں کو جھوٹ بولنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے،الزامات جھوٹ ثابت ہوئے،ایسا نہ ہوتا تو سپریم کورٹ کی طرف سے اس کا اظہار کیا جاتا ہے،یہی وجہ ہے کہ جے آئی ٹی بنائی جارہی ہے،حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتی ہے اور فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،عمران خان کی شیروانیاں دھری کی دھری رہ گئی ہیں۔وزیرمملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو جھوٹ بولنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے اور توقع ہے کہ وہ آئندہ جھوٹے الزامات کی روش کو ترک کردیں گے۔طلال چوہدری نے کہاکہ آج وہ شیخ بھی’’شیخ چلی ‘‘ ثابت ہوگیا ہے کیونکہ وہ بھی شیخ چلی والے خواب دیکھ رہا تھا ۔اس موقع پر وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو سپریم کورٹ میں شکست ہوئی ہے اور میں کارکنوں سے کہتا ہوں کہ وہ ہر چوک میں سپریم کورٹ میں شکست پانے والوں کے غائبانہ جنازے پڑیں،آج سپریم کورٹ میں گالی اور بدمعاشی کو شکست ہوئی ہے،وزیراعظم کی بے گناہی کا فیصلہ آیا ہے،آج لال حویلی والے کا بھی جنازہ نکل گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جھوٹ بولنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔۔۔۔(خ م+اع)