خبرنامہ پاکستان

اپوزیشن ملک کی ترقی کا راستہ روکنے کے لئے سڑکوں پر آنا چاہتی ہے:شیخ آفتاب

اسلام آباد :(اے پی پی) وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک کی ترقی کا راستہ روکنے کے لئے سڑکوں پر آنا چاہتی ہے، مسلم لیگ (ق) اور پرویز مشرف کی حکومت نواز شریف کے خاندان پر کرپشن کا ایک کیس بھی ثابت نہیں کر سکی، دنیا کو اقتصادی راہداری منصوبہ، گوادر پورٹ اور پاکستان میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی، اس لئے یہ سازشیں کی جا رہی ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں پاناما لیکس پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے ٹی وی ٹاک شوز میں بحث دیکھ کر افسوس ہوا ہے۔ منفی باتوں کو زیادہ اور اچھے اقدامات کو نظر انداز کیا جانا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا خاندان ملک کا ایک بڑا صنعتی خاندان ہے جس کی ایک تاریخ ہے۔ 1988ء سے 2013ء تک اس خاندان نے مسلسل احتساب کا سامنا کیا ہے۔ مشرف دور میں اس خاندان پر کون سا ظلم ہے جو نہیں ڈھایا گیا۔ مسلم لیگ (ق) اور پرویز مشرف کی حکومت محمد نواز شریف کے گھرانے پر کرپشن کا ایک کیس بھی ثابت نہیں کر سکی۔ یہ سب کچھ اس لئے کیا جا رہا ہے کیونکہ دنیا کو پاکستان میں اقتصادی راہداری منصوبہ، ہماری گوادر بندرگاہ اور یہاں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہضم نہیں ہو رہی۔ وزیراعظم ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے اور اندھیروں سے نکالنے کا عزم رکھتے ہیں۔ پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے سڑکوں پر جانے اور دھرنے دینے کا عندیہ ظاہر کیا ہے، کیا وہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے کے لئے سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم کے بعد ملک کو نواز شریف کی صورت میں ایک لیڈر ملا ہے ، 2013ء کے الیکشن اور ضمنی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) پر مسلسل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اﷲ نے ہمیں ترقی کا راستہ دے دیا ہے تو ہمیں اس کے راستے میں روڑے اٹکانے سے گریزکرنا چاہئے۔