خبرنامہ پاکستان

اپوزیشن نےصدرکےخطاب کومایوس کن قراردیدیا:اعتزاز

اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ میں قائد حزب اختلا ف سینیٹر اعتزاز احسن اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے صدرمملکت ممنون حسین کے پارلیمنٹ سے خطاب کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر ممنون حسین نے ڈرون بن کر اپوزیشن پر حملہ کیا،صدر کو بیٹھ کر اپنی تقریر پرخود ہی تبصرہ کرنا چاہیے،صدر کے پارلیمنٹ سے خطاب میں حکومت کے ساتھ اپوزیشن کا موقف بھی ہونا چاہیے،حکومت کی لکھی تقریر کا روایت ختم ہونی چاہیے،صدر نے اپنے خطاب میں جن منصوبوں کی بات کی اور پھر خود ہی ان کی تردید بھی کی،صدر نے اپنے خطاب میں ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی بات کی،حقیقت میں لوڈشیڈنگ صرف ایوان صدر کی ختم ہوئی،باقی ملک میں12گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، خطاب میں اپوزیشن پر تنقید سے سخت افسوس ہوا ،ملک میں پانامہ لیکس کے حوالے سے آگ لگی ہوئی ہے،مگر صدر نے اپنے خطاب میں اس حوالے سے ذکر تک نہیں کیا،صدر مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب میں تاریخ کی کم ترین حاضری تھی،حکومتی ارکان اور کابینہ ممبران کو تقریز پہلے ہی مل چکی تھی اسلئے انہوں نے ایوان میں آنے کی زحمت نہیں کی۔و ہ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ممنون حسین کے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ صد ر کا پارلیمنٹ سے خطاب آئینی تقاضہ تھا، ورنہ صدر مملکت بھی پارلیمنٹ میں نہ آتے،صدر کیخطاب میں وہی گھسی پٹی باتیں تھیں،جو حکومت نے ان کو لکھ کر دی تھیں۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنی تقریر میں اپوزیشن پر تنقید کی جس پر افسوس ہوا،صدر وفاق کی علامت ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں حکومتی ارکان اور کابینہ ممبران کی کم تعداد میں شرکت سے بھی افسوس ہوا،حکومتی ارکان نے اجلاس میں شرکت اس لیے نہیں کی کہ ان کو صدر کا خطاب پہلے ہی مل چکا تھا،اس لیے انہوں نے پارلیمنٹ میں آنے کی زہمت نہیں کی،صدر مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب میں تاریخ کی کم ترین حاضری تھی۔انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب میں صرف حکومتی موقف نہیں بلکہ اپوزیشن کا موقف بھی ہونا چاہیے اور حکومت کی لکھی ہوئی تقریر پڑھنے کا رواج ختم ہونا چاہیے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ صدر نے اپنے خطاب میں جن منصوبوں کی بات کی انہی کی تردید بھی کی،صدر مملکت نے اپنے خطاب میں ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی بات کی مگر حقیقت میں لوڈشیڈنگ صرف ایوان صدر کی ختم ہوئی پورے ملک کی نہیں۔انہوں نے کہاکہ صدر مملکت کو بیٹھ کر اپنے خطاب پر خود ہی تبصرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ صدر نے اپنے خطاب میں کرپشن کے خاتمے کی بات کی مگر افسوس کے انہوں نے پانامہ لیکس پر بات نہیں کی اور نہ ہی امریکی ڈرون حملے کی مذمت کی،دوسری جانب سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہاکہ صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب مایوس کن تھا،خطاب کے دوران اپوزیشن اراکین ڈرون حملے اور پانامہ لیکس پر احتجاج کرتے رہے مگر صدر مملکت نے اپنے خطاب میں ان دونوں کا ذکر تک نہیں کیا۔(خ م+رڈ)