خبرنامہ پاکستان

اپوزیشن کی بڑی جماعتیں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف چیئرمین سینٹ کیساتھ کھڑی ہوئی گئیں

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) اپوزیشن کی بڑی جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کیساتھ کھڑی ہوئی گئیں ‘ حکومت پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اسے ہر صورت پارلیمنٹ کی بالادستی کا عملی اظہار کرنا ہو گا ‘ قوم پرست جماعتوں نے بھی میاں رضا ربانی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کے سینیٹرز شیری رحمن ‘ سلیم مانڈوی والا ‘ اعظم خان سواتی ‘ قوم پرست رہنماؤں سینیٹر عثمان خان کاکڑ اور سینیٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل نے چیئرمین سینٹ سے ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن و حکومتی اتحادی جماعتوں نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ اس معاملہ پر گیند اب حکومتی کورٹ میں ہے۔ اسے تناؤ میں کمی کے لئے چیئرمین سینٹ کے جذبات کا احترام کرنا ہو گا اور اس کے لئے پارلیمنٹ کی بالادستی واضح کرنے کیلئے عملی مظاہرہ کرنا ہو گا۔ چیئرمین سینٹ نے متذکرہ جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کے متمنی ہیں۔ وزراء اس بارے میں تعاون نہیں کریں گے تو اس کی کسی اور سے کیسے توقع وابستہ کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وزیر اعظم ‘ وزراء پارلیمنٹ کی پیداوار ہیں مگر ان کے رویوں ہی سے پارلیمنٹ کی بالادستی پر حرف آ رہا ہے۔ اگر اب بھی اس کا نوٹس نہ لیتے تو کبھی حکومت اس معاملے میں سنجیدہ نہ ہوتی۔