خبرنامہ پاکستان

اپوزیشن کے کسی رہنما نے جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنسز کو نہیں پڑھا: پرویز رشید

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ اپوزیشن کے کسی رہنما نے جوڈیشل کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنسز کو نہیں پڑھا،حزب اختلاف نے ’’ میں نہ مانوں والا‘‘ رویہ اختیار کررکھاہے اورپاناماپیپررز کی تحقیقات کرانا ہی نہیں چاہتی ۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات ونشریات نے جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر اپوزیشن رہنماؤں کی آراء پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے ٹی آر اوز کی شق اے میں لکھا ہے کہ کمیشن کو کسی بھی ماہر کی معاونت حاصل کرنے کا مکمل اختیار ہوگا،اپوزیشن جانتی ہے کہ ہمارادامن صاف ہے،کمیشن کو وہ تمام اختیارات دیئے گئے ہیں جوعدالت کو حاصل ہوتے ہیں،کمیشن تحقیقا ت کیلئے کہیں سے بھی ماہرین کو بلاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاور ت کی ہے،کسی بھی ٹیکس ماہر کو بلایا جاسکتاہے۔اسحاق ڈار نے پیپلزپارٹی،تحریک انصاف سے رابطے کئے جبکہ مشاہد اللہ نے ایم کیو ایم سے مشاورت کی،اپوزیشن کا بڑا مطالبہ تھا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں تحقیقات کرائیں،اپوزیشن نشاندہی کرے کہ ٹرمز آف ریفرنسز میں کیا کمی ہے۔(م ق+ار)