خبرنامہ پاکستان

اچ شریف میں بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کو روکے جانے کی تحقیقات کروائی جائیں، الیکشن کمیشن کا نگران صوبائی وزیر اعلی کو خط

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی)الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کو روکے جانے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے اس معاملے کی فوری تحقیقات کاکہاگیا ہے ۔ پیر کو سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کو خط ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمن اور پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دو الگ الگ خطوط ارسال کئے گئے ہیں جس میں کہاگیا ہے کہ اچ شریف پنجاب کے مزار پر جانے سے بلاول بھٹو زرداری کوروکا گیا ہے جبکہ اس خط میں سینئر پولیس حکام پر سنجیدہ الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب، ڈی پی او بہاولپور اور ڈی ایس پی صفدرکانام لے کر انہیں آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹیں ڈالنے کاالزام دیا گیاہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے حکم دیا ہے کہ یہ معاملہ پنجاب حکومت کے نوٹس میں لایا جائے جو اس کی فوری تحقیقات کروا کر الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں تاکہ اس پر مزید کاروائی کی جاسکے۔