خبرنامہ پاکستان

اگرعدالت نے میرے ورانٹ گرفتاری جاری کئے تو میں ضمانت نہیں کراؤں گا:عمران خان

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر عدالت نے میرے ورانٹ گرفتاری جاری کیئے تو میں ضمانت نہیں کراوں گا ۔پانامہ لیکس پر پوری دینا میں انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔منگل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پارلیمنٹ اور پی ٹی وی حملہ کیس کی سماعت سے قبل عمران خان نے احاطہ عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک میں جمہوریت ہوتی ہے وہاں شہریوں کو پر امن احتجاج کرنے کا پورا حق ہوتا ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے جمہوریت اور ملک کے لئے احتجاج کیا تھا ان کے خلاف سیاسی انتقام کے طور پر مقدمات درج کیئے گئے ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کارکنوں کے خلاف درج مقدمات کو جلد از جلد ختم کیا جائے ۔عمران خان نے کہا کہ میری عدالتوں سے استدعا ہے کہ وہ زیر سماعت مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت پوری دنیا میں پانامہ لیکس پر انکوائریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔جب صحافی نے عمران خان پر سوال کیا کہ آپ بھی اس مقدمہ میں نامزد ملزم ہیں اگر عدالت آپ کے ورانٹ گرفتاری جاری کیئے تو کیا آپ ضمانت کرائیں گے تو عمران خان نے کہا کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا اگر میرے ورانٹ گرفتاری جاری کیئے گئے تو میں ضمانت نہیں کراوں گا ۔