خبرنامہ پاکستان

اگر پاکستان میں کرفیو بھی لگا دیا جائے تو اسکی بھی خلاف ورزی کریں گے: شیخ رشید

راولپنڈی(ملت + آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں کرفیو بھی لگا دیا جائے تو اسکی بھی خلاف ورزی کریں گے، ہم ہر حال میں دھرنے میں جائیں گے، ہار نہیں مانیں گے،اگرملک کو زندہ رکھنا ہے تو عوام کو 2نومبر کو باہر نکلنا ہوگا۔ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ2نومبر سے پہلے اپوزیشن ہمارے ساتھ آجائے ورنہ پچھتائے گی، ہم نے سب کو دعوت دی ہے، جو آنا چاہے آجائے۔عمران خان نے ایک نکاتی ایجنڈا دیا، استعفی دو یا تلاشی دو،پرویز رشید چور دروازے سے فرار چاہتے ہیں۔ایک بیورو کریٹ کی قربانی دی گئی تو 2سلطانی گواہ بنیں گے،28اکتوبر کو لال ہویلی سے ریلی نکالی جائے گی۔عدالت حرکت میں ہے سڑکیں بھی حرکت میں ہیں،ایک دو دن میں پریس کانفرنس کرکے لائحہ عمل بتا ئیں گے۔نواز شریف کے آنسووں کا بھی دنیا نے مزاق اڑایا،انہیں آنسو نہیں آئے تھے ،انھوں نے آنکھوں میں گلیسرین ڈالی تھی۔نواز شریف وہ نہیں جو دکھائی دیتے ہیں اور ہم حسن اور حسین کے ساتھ نہیں ہیں جو اپنی گولڈن اسٹیٹ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ ہمیں ایک ڈسٹرکٹ میں روک لے گی تو یہ اس کی غلطی ہے۔ہم جدوجہد کر رہے ہیں ،ہار نہیں مانیں گے۔دھرنے میں شرکت کے لئے طاہر القادری سے رابطہ ہو سکتا ہے ، سیکنڈ راونڈ کے لئے انہیں رکھ سکتے ہیں،سراج الحق کو بھی کرپشن کے خلاف دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔2نومبر کوجو گھر میں بیٹھے گا وہ چور حکومت کے ساتھ تصور کیاجائے گا، اب ٹی ٹونٹی ہوگا،دس سے بارہ دن میں فیصلہ ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کوگرفتار کیا گیا توہزاروں لوگ انہیں چھڑانے جائیں گے،وہ عدالت نہ گئے تو اپنے وکیل کو بھیج دیں گے۔سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی ریلی ناکام ترین تھی ۔