خبرنامہ پاکستان

اگلے وزیراعظم کا فیصلہ عدالتوں کا نہیں عوام کا ہونا چاہیے، مریم نواز

اگلے وزیراعظم کا فیصلہ عدالتوں کا نہیں عوام کا ہونا چاہیے، مریم نواز

فیصل آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ اگلا وزیراعظم کون ہوگا یہ فیصلہ کسی عدالت کا نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کا ہونا چاہیے، اب عوام کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ فیصل آباد کے علاقے سمندری میں مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری محمد شریف کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور لیڈر کے آنے جانے کا فیصلہ کسی پاناما بینچ یا سپریم کورٹ کا نہیں بلکہ عوام کا ہونا چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دینے کی ذمہ داری عوام نے اب اپنے سر پر خود اٹھالی، نوازشریف کے ساتھ ایک اقامےکے معاملے پر زیادتی ہوئی، کرپشن ثابت نہ کرسکے تو بیٹے سے حاصل نہ ہونے والی تنخواہ کو جواز بنا کر نااہل کردیا، اگر کسی شخص نے تنخواہ نہیں لی تو وہ ظاہر کیسے کرے گا؟، اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات لگادیے مگر کوئی ابھی تک ثبوت نہیں پیش کرسکا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصل آبادکے لوگ وعدہ کریں کہ ووٹ کی عزت کریں گے اور 2018 کے الیکشن میں نوازشریف کے قدم سے قدم ملا کر چلیں گے، اب عوام کے ہاتھ میں ہے کہ وہ ساری سازشوں کو ناکام بنادیں کیونکہ ان کا بس صرف ووٹ لینے والے نمائندے پر چلتا ہے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ جس کو عزت دیتا ہے اس سے کوئی چھین نہیں سکتا، معاملہ پاناما سے شروع ہوا اور اقامہ پر ختم ہوا، مہینوں سےہمارےقائد عدالتوں کے چکر لگا رہےہیں ، آج بھی نوازشریف لوگوں کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ جےآئی ٹی میں نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا کیونکہ انہوں نے ایک روپے کی کرپشن نہیں کی، ہم نے دھرنوں کے پیچھے چھپ کر اقتدار حاصل کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی بلکہ عوام کے ووٹوں کے ذریعے اقتدار میں آئے۔