خبرنامہ پاکستان

ایئرلائن حادثوں کے متاثرین کو رقوم کی ادائیگی سے متعلق کیس نمٹ گیا

سپریم کورٹ نے ایئر بلیواور بھوجا ایئرلائن حادثوں کے متاثرین کو رقوم کی ادائیگی سے متعلق کیس نمٹا دیا۔

سپریم کورٹ میں ایئربلیوحادثہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ہے جس کے دوران ایئربلیوانتظامیہ نے متاثرین کی رقوم عدالت میں جمع کروادیں جس کے بعد سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ رقم عدالت میں پڑی ہے جو آئے گا ادائیگی کرد ینگے۔ اس رقم کا حصول متاثرین کے دیگرمقدمات پراثراندازنہیں ہوگا۔

اس دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ بھوجا ایئرلائن حادثوں کے حوالے سے عدالت نے چھ ہفتوں میں ٹرائل کورٹ میں چالان جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ چھ میں سے دو ہفتے باقی ہیں تحقیقات جاری ہیں ۔

اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اب کیس میں کوئی ایشو نہیں رہا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر سول عدالت کو معاوضے کیس کا تین ماہ میں فیصلہ دینے کی ہدایت کی تھی۔ جبکہ پولیس کو چھ ہفتوں میں حادثہ کی تحقیقات مکمل کر کے چالان داخل کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔