خبرنامہ پاکستان

ایئرمارشل ارشد محمود ملک نے چیئرمین پی آئی اے کا چارج سنبھال لیا

کراچی :(ملت آن لائن) ایئروائس مارشل(ر) ارشد محمود ملک نے چیئرمین پی آئی اے کا چارج سنبھال لیا اور کہا جو کام نہیں کرے گا، اس کےخلاف کارروائی ہوگی‌۔

تفصیلات کے مطابق ایئروائس مارشل(ر) ارشد محمود ملک نے چیئرمین پی آئی اے کا چارج سنبھال لیا اور کہا پی آئی اے کی ترقی کیلئے سب کو کردارادا کرنا ہوگا، ادارے سے کسی کو بھی ملازمت سے نکالا نہیں جائے گا۔

چیئرمین پی آئی اے کا کہنا تھا جو کام نہیں کرے گا اس کےخلاف کارروائی ہوگی، غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔

یاد رہے 11 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں ایئروائس مارشل(ر) ارشد کو چیئرمین پی آئی اے تعینات کرنے کی منظوری دی گئی تھی اور چیرمین پی آئی اے کو کہا گیا تھا کہ ادارے کی مالی مشکلات کو فوری حل کریں۔

خیال رہے پی آئی اے کا خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،11ماہ کے دوران قومی ائیرلائن کو 54ارب22کروڑروپے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں پی آئی اے کی دس سالہ آڈٹ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی تھی ، جس کے مطابق دس سال میں پی آئی اے کے خسارے میں دو سو ستاسی ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ 2008 میں یہ خسارہ باہتر ارب پینتیس کروڑ تھا، جو 2017 میں بڑھ کر 360 ارب11 کروڑ تک پہنچ گیا۔