خبرنامہ پاکستان

ایئرمارشل مجاہد انورخان پاک فضائیہ کے نئے سربراہ نامزد

ایئرمارشل مجاہد انورخان پاک فضائیہ کے نئے سربراہ نامزد

لاہور:(ملت آن لائن) ایئرمارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ نامزد کردیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مجاہد انور خان اس وقت ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بطور ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ترجمان پی اے ایف کے مطابق ایئر مارشل مجاہد انور خان نے ایئرفورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983 میں کمیشن حاصل کیا۔ پاک فضائیہ کے نامزد نئے سربراہ مجاہد انور خان کمبیٹ کمانڈر اسکول، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اردن سے فارغ التحصیل ہیں۔ وہ چیف آف دی ایئر اسٹاف کے پرسنل اسٹاف آفیسر کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ترجمان فضائیہ کے مطابق مجاہد انور خان نے اپنے کیریئر کے دوران مختلف تربیتی اور لڑاکا طیارے بھی اڑائے۔ واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے موجودہ سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کو 18 مئی 2015 کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، وہ رواں ماہ 18 مارچ کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ گذشتہ روز چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے صدر مملکت سید ممنون حسین سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ کی حیثیت سے سہیل امان نے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں اور ملک و قوم کے لیے ان کی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔