خبرنامہ پاکستان

ایئر مارشل ارشد ملک پاک فضائیہ کے نائب سر براہ مقرر

ایئر مارشل ارشد ملک پاک فضائیہ کے نائب سر براہ مقرر

اسلام آباد:(ملت آن لائن) حکومت پاکستان نے ایئر مارشل ارشد ملک کو پاک فضائیہ کا نائب سر براہ مقرر کر دیا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئر مارشل ارشد ملک 12 جولائی 1962ء کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1978ء میں پاک فضائیہ کے76 ویں جی ڈی پی کورس میں شمولیت اختیار کی اور دسمبر 1983 ء میں بطور فائٹر پائلٹ کمیشن حاصل کیا۔ ارشد ملک تربیتی اور لڑاکا طیارے اڑانے کا تجربہ رکھتے ہیں جن میں میراج،F-6 ، F-7P ،اور F-7PG شامل ہیں۔ اپنے شاندارکیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر اسکواڈرن، فلائنگ ونگ، آپریشنل ایئر بیس اور ریجنل ایئر کمانڈ کی کمان کی جبکہ وہ JF-17 طیارے کی مینوفیکچرنگ اور ڈیویلپمنٹ کے سلسلے میں دو سال تک چین میں بطور کوآرڈینیٹر بھی تعینات رہے۔ ایئر مارشل ارشد ملک بطور ڈپٹی چیئرمین اور بعد ازاں چیئرمین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس بھی تعینات رہے۔ ارشد ملک ایئر ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر آپریشنز پراجیکٹ، ڈائریکٹر آپریشنل ریکوائرمنٹ اینڈ ڈیویلپمنٹ، چیف آف ایئر سٹاف کے پرسنل اسٹاف آفیسر،اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف، چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر17 JF اور ڈپٹی چیف آف ایئرسٹاف (پرسنیل) کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں۔ ایئرمارشل ارشد خان کومبیٹ کمانڈر اسکول، ایئر وار کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور ایئر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج امریکا سے فارغ التحصیل ہیں جبکہ انہیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ہلال امتیاز(ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری)اور تمغہ امتیاز(ملٹری) سے نوازا جاچکا ہے۔