خبرنامہ پاکستان

ایدھی صاحب کوانتہائی عزت و احترام سےدیکھا جاتا تھا: زرداری

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے صوفی منش، سماجی ورکر عبدالستار ایدھی کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک بھر میں انہیں انتہائی عزت و احترام سے دیکھا جاتا تھا اور بیرون ملک بھی ان کی قدر کی جاتی تھی۔ اپنے تعزیتی پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے لاکھوں لوگوں کوبلا تفریق مذہب، رنگ و نسل مشکلات، مصائب اور تکالیف سے باہر نکالا۔ ایدھی صاحب ایسی شخصیت تھے جو صدیوں میں ایک مرتبہ پیدا ہوتی ہے۔ ان کی وفات کا غم طویل عرصے تک منایا جاتا رہے گا۔ عبدالستار ایدھی غریبوں، ضرورت مندوں اور مشکلات میں گھرے ہوئے لوگوں کی مدد کے لئے ہروقت تیار رہتے تھے اور اس مقصد کے لئے انہوں نے انتہائی سادہ زندگی کا انتخاب کیا اور غریبوں کے لئے سڑک پر کھڑے ہو کر بھیک مانگ کر چندہ جمع کیا۔ ایدھی صاحب نے بے غرض جدوجہد کی اور ایک ایسی مثال قائم کی جو طویل عرصہ تک منارہ نور بنی رہے گی اور آنے والی نسلوں کے راستوں کو وشن رکھے گی۔ انہوں نے نہ صرف یہ کہ غریبوں کے کفن و دفن کا انتظام کیا بلکہ یتیموں کو پناہ دی، خواتین اور یتیم بچوں کوپناہ دی، نشے کی لت کا شکار لوگوں کا علاج کروایا اور سڑک پر حادثات کا شکار ہونے والے لوگوں کو ہسپتالوں تک پہنچانے کا انتظام کیا۔ ان کے کارنامے اتنے زیادہ ہیں کہ ایک آدمی کے ایک زندگی میں اتنے کام کرنے کی مثال کم ہی نظر آتی ہے۔ آصف علی زرداری نے اللہ تعالیٰ سے ان کی روح کے ایصالِ ثواب اور ان کے لواحقین اور پورے ایدھی گھرانے بشمول ایدھی فاؤنڈیشن کے ورکرز، تمام غریب لوگوں اور پاکستانی قوم کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔