خبرنامہ پاکستان

ایدھی کی نماز جنازہ پرسکیورٹی کےسخت انتظامات

کراچی: (آئی این پی) عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ادا کی جائے گی جس میں ملک بھر سے اہم شخصیتیں شرکت کریں گی ۔ نیشنل سٹیڈیم اور اس کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، فوجی جوان اور رینجرز اہلکار سٹیڈیم میں موجود ہیں ۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔ سٹیڈیم کے اندر رینجرز اور فوج کے جوان تعینات کر دئیے گئے ہیں ۔ پاک فوج کے جوان میت کو سلامی دیں گے جس کی ریہرسل کی گئی ۔ رینجرز کے 3 سو سے زائد اہلکار اور کمانڈوز تعینات ہیں ان کے ساتھ سراغ رساں کتے بھی ہیں ۔ آر آر ایف پولیس کے 150 سے زائد کمانڈوز بھی سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں جو جدید آلات کی مدد سے سوئپنگ میں مصروف ہیں ۔ سٹیڈیم کے اطراف دور دور تک سیکورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔ نماز جنازہ میں عام لوگوں کی شرکت کے لئے سٹیڈیم کے گیٹ نمبر 6 اور 7 مختص کئے گئے ہیں جبکہ اہم شخصیات کے لئے علیحدہ گیٹ مختص کیا گیا ہے ۔ نماز جنازہ میں ملک بھر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ نشینل سٹیڈیم میں کسی کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی ۔ دوسری جانب سپر ہائی وے پر واقع ایدھی ہوم میں عبدالستار ایدھی کی قبر 25 سال قبل بنائی گئی تھی اس قبر کی صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔