خبرنامہ پاکستان

ایدھی کی وفات؛ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا

اسلام آباد/کراچی (آئی این پی) محسن انسانیت عبدالستار ایدھی کی وفات پر پاکستان بھر میں ہفتہ کو ’’یوم سوگ‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو عظیم فلاحی ورکر عبدالستار ایدھی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے جس پر حکومت کی جانب سے ایک روزہ یوم سوگ منانے کا اعلان کیا تھا جس پر ہفتہ کو ’’ یوم سوگ‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس‘ وزیراعظم آفس‘ وزیراعظم ہاؤس ‘ کیبنٹ ڈویژن‘ پاک سیکرٹریٹ اور دیگر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ رات عبدالستار ایدھی کی وفات پر پاکستان میں وفاقی حکومت کی طرف سے ایک روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا تھا۔