خبرنامہ پاکستان

ایران،امریکا، برطانیہ سمیت عالمی برادری کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت

کوئٹہ: (اے پی پی) کوئٹہ میں ہونے والے ہلاکت خیز دھماکے کی عالمی سطح پر بھی مذمت جاری ہے ، اقوام متحدہ، امریکا، برطانیہ، ترکی اور یورپی یونین نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے اظہار یکجہتی کی ہے ۔ امریکا نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دے چکا ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ساتھ دیا جائے ۔ امریکا نے پاکستان کو تحقیقات میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور ہولناک ہے ۔ ترکی نے کوئٹہ سانحے پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں ۔ برطانیہ ، یورپی یونین ، ایران سمیت ایمنسٹی انٹرنیشنل، ریڈ کراس نے کوئٹہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کو اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے ۔