خبرنامہ پاکستان

ایرانی صدر حسن روحانی وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر دو روزہ دورے پر (آج) پاکستان آئینگے

اسلام آباد (آئی این پی) ایرانی صدر حسن روحانی وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر پاکستان کے دو روزہ دورے پر (آج) جمعہ کو اسلام آباد پہنچیں گے‘ ایرانی صدر کے ہمراہ وزراء‘ سینئر حکام اور تاجروں پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا ‘ ایرانی صدر پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد تجارت کے شعبہ میں پیدا ہونے والے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے پر بات چیت کی جائے گی۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر ایران کے صدر حسن روحانی 25 اور26 مارچ کو پاکستان کے سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا بطور ایرانی صدر پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ ایرانی صدر کے ساتھ وزراء‘ سینئر حکام اور تاجروں کا اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا۔ دورہ پاکستان کے دوران ایرانی صدر وزیراعظم اور صدر پاکستان سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور ایران سے عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد معاشی شعبہ میں پیدا ہونے والے مواقعوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقاتوں میں باہمی مفاد کے حوالے سے علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور دیرینہ تعلقات ہیں جو ثقافت‘ لسانیات اور مذہبی بنیادوں پر مبنی ہیں۔ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ (ن غ)