خبرنامہ پاکستان

ایس ای سی پی نے کمپنی رجسٹریشن اورآسان بنادی

ایس ای سی پی

ایس ای سی پی نے کمپنی رجسٹریشن اورآسان بنادی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) نے کاروبار کرنے کو آسان بنانے کے لیے اصلاحات کے تسلسل میں نئی کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید سہل بناتے ہوئے کمپنی کے لیے نام کے حصول اور بعد ازاں کمپنی کی رجسٹریشن کو ایک ہی عمل کا حصہ بنا دیا ہے۔ کمپنی کی رجسٹریشن کے طریقہ کار میں اس نمایاں تبدیلی کے بعد اب آن لائن طریقے سے کمپنی کی رجسٹریشن 4 گھنٹوں میں ممکن ہو سکے گی۔ گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنی کے نام کی درخواست اور کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کو اکٹھا کرنا ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کاروبار کے لیے آسانیاں فراہم کرنے والے عوامل کے عین مطابق ہے۔ طریقہ کار میں تبدیلی کے بعد اب کمپنی رجسٹرڈ کرانے کے خواہش مند افراد کو صرف ایک درخواست جمع کرانی ہو گی جس میں کمپنی کے لیے 3 نام تجویز کرنے ہوں گے جبکہ اسی درخواست کے ساتھ ہی مجوزہ کمپنی کا میمورنڈم آف ایسوسی ایشن اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن بھی جمع کرانے ہوں گے، رجسٹریشن کی درخواست کے ساتھ ہی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا نام بھی ساتھ ہی تجویز کیا جا سکتا ہے۔ اندراج کے مختلف مرحلوں کو یکجا کرنے سے کمپنی رجسٹریشن کی فیس میں بھی نمایاں کمی ہو گئی ہے، کمپنی کا نام محفوظ کرانے اور کمپنی کی رجسٹریشن کے عمل کو یکجا کرنے سے ایک کمپنی جس کا ادا شدہ سرمایہ 1لاکھ روپے تک ہو کی آن لائن رجسٹریشن کی فیس 1550روپے ہے جبکہ مینول طریقے سے یہ فیس 3ہزار روپے ہے، پہلے آن لائن طریقے سے رجسٹریشن کی فیس 2 ہزار 300روپے تھی جبکہ کمپنی رجسٹریشن کی مینول فیس 4 ہزار 500روپے تھی، ایس ای سی پی ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے سہل اور سادہ طریقہ کار کی اہمیت سے آگاہ ہے اور ایسی اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی جس سے معیشت کو دستاویزی شکل دی جا سکے اور کارپوریٹ سیکٹر کو فروغ حاصل ہو۔