خبرنامہ پاکستان

ایشیا دنیا کا سب سے فعال خطہ ہے، سرتاج عزیز

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ایشیا دنیا کا سب سے فعال خطہ ہے، ترقی کا سفر جاری رکھا تو 21 ویں صدی ایشیاء کی ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں سے ایشیا تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان چین، جنوبی ایشیا اور مغربی ایشیا کے ساتھ کاسا 1000، تاپی، ایران – پاکستان گیس پائپ لائن اور پاک چین اقتصادی کوریڈور جیسے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ آئندہ سالوں میں ایشیا کا عالمی معیشت میں اہم کردار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنکاک میں ایشیا کوآپریشن ڈائیلاگ (اے سی ڈی) کے 14 ویں وزارتی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ گزشتہ سال عالمی معیشت کی گروتھ 3.1 فیصد تھی جبکہ ایشیا کی گروتھ 5.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہی گروتھ رواں سال بھی متوقع ہے اور آئندہ سالوں میں ایشیا کی معیشت عالمی معیشت پر سبقت لے جائے گی تاہم ہمیں بعض سیکیورٹی اور سیاسی چیلنجوں کا بھی سامنا ہے۔ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے اور ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لئے اے سی ڈی بہترین فورم ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان علاقائی روابط کے لئے تیار کردہ روڈ میپ کے ساتھ اتفاق کرتا ہے۔ روابط کا ملکوں کو قریب لانے میں کلیدی کردار ہے۔ علاقائی روابط کو مواصلاتی انقلاب اور ڈیجیٹل ہائی ویز کے ذریعے فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاسا 1000، تاپی، آئی پی توانائی منصوبوں کے ذریعے وسطی ایشیائی پڑوسی ممالک کے ساتھ رابطوں پر کام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان پاک چین اقتصادی کوریڈور پر بھی تیزی سے کام کر رہا ہے۔