خبرنامہ پاکستان

ایفی ڈرین کیس؛ حنیف عباسی کو اہل خانہ سمیت نوٹس جاری

راولپنڈی(ملت آن لائن)سابق ایم این اے اور (ن) لیگی رہنما حنیف عباسی کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے نوٹس جاری کرتے ہوئے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کیس کی مزید تحقیقات کے لئے سابق رکن قومی اسمبلی اور (ن) لیگ کے رہنما حنیف عباسی اور ان کے اہل خانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔

ااے این ایف نے منشیات کیس کے ملزم حنیف عباسی، اہلیہ، 2 بیٹیوں، بیٹے اور بھائی سے تمام بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے اور اثاثوں اور بینک ٹرانزیکشن کی تفصیلات طلب کی ہیں جب کہ نوٹس میں حنیف عباسی اور ان کے اہل خانہ کو بغیر اجازت رقم منتقلی سے بھی روک دیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں انسداد منشیات کی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں حنیف عباسی کی بریت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ سماعت کے دوران اے این ایف کے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی نے ایفی ڈرین کا 500 کلو کا کوٹہ بھی غیر قانونی طریقے سے حاصل کیا اور جو کوٹہ حاصل کیا گیا اس سے ادویات بھی تیار نہیں کی گئیں بلکہ اسے اسمگل کر دیا گیا۔

عدالت کا فریقین کے دلائل سننے کے بعد حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں باعزت بری الذمہ قرار دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حنیف عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف متعلقہ کیس میں ٹھوس شواہد موجود ہیں اس لئے انہیں باعزت بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا جب کہ عدالت نے حنیف عباسی پر ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں فرد جر م عائد کرنے کے لئے 2 ستمبر کو طلب کر لیا ہے۔