خبرنامہ پاکستان

ایف آئی اے نے پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کردی

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) ایف آئی اے نے پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقاتی رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کردی،چوہدری نثار نے مطلوبہ تعلیمی معیار اور سہولتوں پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کو اجازت نامے دینے کی انکوائری اور انسانی اعضا کی غیر قانونی خریدو فروخت اور پیوند کاری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا،وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ انسانی اعضاء کی خرید و فروخت اور میڈیکل کے طلبا کے مستقبل سے کھیلنے والے نہ صرف پروفیشنل بدیانتی کے مرتکب ہیں بلکہ انسانیت کے مجرم ہیں جنکا سخت احتساب ضروری ہے۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرداخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ کن وجوہات کی بنیاد پر مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کو اجازت نامے دے کر مریضوں کی زندگیوں اور طلبا کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت دی گئی ۔یہ طے کیا جائے کہ آیا یہ متعلقہ ادارے کی غفلت کا نتیجہ ہے یا اس ضمن میں ارادتا” کسی جرم کا ارتکاب ہوا ہے۔انسانی اعضا کی غیر قانونی خریدو فروخت اور پیوند کاری کا معاملہ ہو یا میڈیکل کے طلبا کے مستقبل سے کھیلنے کا مسئلہ ہو دونوں معاملات میں ملوث افراد نہ صرف پروفیشنل بدیانتی کے مرتکب ہیں بلکہ انسانیت کے مجرم ہیں جنکا سخت احتساب ضروری ہے۔وزیر داخلہ کی ایف آئی اے کو دونوں معاملات کی تحقیقات کرکے پندرہ روز میں ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کے ہدایت ۔ وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے انسانی اعضا کی خرید و فروخت اور پیوند کاری میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور مراکز کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں۔ سپاٹ فکسنگ کے معاملے پر ایف آئی اے اور پی سی بی کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کردی گئی۔۔۔۔(خ م+آچ)