خبرنامہ پاکستان

ایف آئی اے نے ڈی پورٹ ہونیوالے 14 پاکستانیوں کو گرفتارکرکےمنتقل کردیا

اسلام آباد (آئی این پی)ایف آئی اے نے بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہونے والے 14 پاکستانیوں کو گرفتار کر کے انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کر دیاجبکہ بیرون ملک سے آنے والے دو افرادکے پاس جعلی پاکستانی دستاویزات ہونے پر انہیں گرفتار کرلیاگیا ،ترکی، یونان اور آسٹریا میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کو تصدیق کے بعد امیگریشن عملے نے متعلقہ ائر لائنز سے وصول کیا ہے۔ ہفتہ کو ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد مظہر کاکا خیل کے مطابق ترکی، آسٹریا اور یونان غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے والے 14 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے،5پاکستانیوں کو ترکی،5 کو آسٹریا اور 4 کو یونان سے ڈی پورٹ کیا گیا۔ترکی سے ڈی پورٹ ہونے والوں میں راجہ دلاور،عمیر رزاق، اسد حسین،اسماعیل خان اور وقاص خان، آسٹریا سے ڈی پورٹ ہونے والوں میں سرفراز حسین، انصار حسین، اکاش رفیق، شیر حسین اور حیات اللہ شامل ہیں جبکہ یونان سے ڈی پورٹ ہونے والوں میں شبیر علی، رانا شہزاد علی، آصف عمران اور عبدالرزاق شامل ہیں، تمام پاکستانیوں کو غیر قانونی طریقے سے ترکی، آسٹریا اور یونان میں داخلے پر ڈی پورٹ کیا گیا۔ائر پورٹ پر موجود امیگریشن عملے نے تمام افراد کے کوائف کی مکمل چھان بین اور تصدیق کے بعد انہیں متعلقہ ائر لائنز سے وصول کر کے تفتیش کے لئے انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کر دیا ہے۔دوسری طرف سعودی عرب اور چین سے آنے والے 2 افراد کاآئی بی ایم ایس میں ڈیٹا نہیں تھا لیکن ان کے پاس پاکستانی شناختی کارڈز موجود تھے جو انہوں نے جعل سازی کے ذریعے حاصل کئے تھے، دونوں افراد کو گرفتار کرکے ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ان سے جعلی دستاویزات کے حصول سے متعلق پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔(اح+ار+آچ)