خبرنامہ پاکستان

ایف آئی اے نے سب سے بڑی ٹیکس چوری کی ریکوری کر لی

ایف آئی اے نے سب سے بڑی ٹیکس چوری کی ریکوری کر لی
کراچی:(ملت آن لائن)ایف آئی اے نے حالیہ تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکس چوری کی ریکوری کرلی ہے۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے گذشتہ ماہ چینی کمپنی میسرز بی جی پی (پاکستان) کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ سے بھاری مشینری چارٹرڈ کارگو جہاز کے ذریعے بیرون ملک لیجانے کی کوشش ناکام بنادی تھی اور تمام مشینری کو سیزکرکے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے دستاویزات طلب کی گئی تھیں، ایف آئی اے کی جانب سے ایک ماہ کی تفتیش کے بعد غیرملکی کمپنی کو 67 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث قرار دے کر چند روز قبل ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا اور کمپنی کے کنٹری منیجر زونگ زونگمن اور ان کے نائب لی چانگ ہانگ کو گرفتار کرلیا تھا۔
ایف آئی اے کی جانب سے کمپنی کے اعلی افسران کی گرفتاری کے بعد میسرز بی جی پی (پاکستان) نے اپنے ذمے واجب الادا 67 کروڑ 30 لاکھ روپے متعلقہ کسٹمز کلیکٹوریٹس میں ادا کردیے ہیں اور اس سلسلے میں یہ حلف نامہ بھی دیا ہے کہ اگر کمپنی کے ذمے مزید واجبات مستقبل میں سامنے آئیں گے تو انھیں بھی فوری طور پر ادا کیا جائے گا۔ادھر کمپنی کی جانب سے تمام واجبات کی ادائیگی کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرکے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ اس معاملے میں ملوث کسٹمز حکام اور کلیئرنگ کمپنی کے خلاف تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، ایف آئی اے کی حالیہ تاریخ میں اتنی بڑی ٹیکس چوری کی ریکوری اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔