خبرنامہ پاکستان

ایل او سی: بھارتی فائرنگ سے 70 سالہ بزگ شہید، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

ایل او سی: بھارتی فائرنگ سے 70 سالہ بزگ شہید، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

اسلام آباد:(ملت آن لائن)کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، کوٹلی، جندروٹ اور چڑی کوٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری سے 70 سالہ بزرگ محمد نذیر شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔ پاکستان نے لائن آف کںٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفترخارجہ طلب کرکے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے یکم مارچ کو مطابق بھارت نے کوٹلی/جندروٹ اورچڑی کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 70سالہ شخص شہید اور خاتون زخمی ہوئیں۔
بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کررہا ہے اور 2018 میں اب تک 400 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے جس کے نتیجے میں 19 افراد شہید ہوئے۔بھارتی سیزفائر خلاف ورزیوں سے اس سال اب تک 69 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق 2017 میں بھارتی فورسز نے ایل او سی پر سیز فائر کی 1970 بار خلاف ورزی کی تھی۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی سیز فائر کی خلاف ورزیاں علاقے میں امن و سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے اور کسی تذویراتی حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ 2003 میں ہونے والے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اور معاہدے کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائی جائیں جبکہ اپنے فوجیوں کو سیز فائر کا احترام کرنے کی ہدایت دے تاکہ ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر امن قائم رہ سکے۔ پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے پاکستان و بھارت (یواین ایم او جی آئی پی) کو سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت تفویض کردہ کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔