خبرنامہ پاکستان

ایل او سی فائرنگ: ڈی جی ایم او کا بھارت سے شدید احتجاج

ایل او سی فائرنگ: ڈی جی ایم او کا بھارت سے شدید احتجاج

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور شہریوں کی شہادت پر ڈی جی ملٹری آپریشنز نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی جانب سے آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کی جارہی ہے جس سے اب تک متعدد شہری شہید ہوچکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان خصوصی ہاٹ لائن رابطہ ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے بھارت کے ڈی جی ایم او سے شدید احتجاج کیا۔

پاکستان کے ڈی جی ایم او نے کہا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر بچوں سمیت شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے جس سے شہریوں کی اموات ہوئیں لہٰذا ایسے اقدامات 2003 کے فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

ڈی جی ایم او کا کہنا تھا کہ پاکستان ایل اوسی کے اس پاررہنے والوں کو اپنا بھائی سمجھتا ہے، بھارتی فوجیوں کی ایسی جان بوجھ کر کارروائیوں پرگہری تشویش ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور وقفے وقفے سے مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مارٹر گولے فائر کیے گئے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی گئی۔