خبرنامہ پاکستان

ایل زیڈ یوچائنہ کے وفد کا زرعی تحقیق اور فروغ میں تعاون کے لیے پی اے آر سی کا دورہ

اسلام آباد(آئی این پی)چئیرمین پی اے آر سی، ڈاکٹر ندیم امجد نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ زراعت کی ترقی ،تحقیق کے نتائج اور زرعی فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرینگے۔ دونوں ممالک کے تعاون سے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ دونوں ممالک کے تعلقات بہت مستحکم ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تعاون سے دونوں ممالک کے زراعت کے شعبے کو ترقی ملے گی۔ وہ LZU چائنہ کے چار رکنی وفد سے اجلاس کے دوران گفتگو کررہ ے تھے ۔ چار رکنی چائنیز وفد میں ڈاکٹر زیانگ کائی لی،ڈاکٹر یونگ، ڈاکٹر شینگ اور ڈاکٹر زیانگ شامل تھے ۔ اپنے دورے کے دوران ماہرین نے LZU اور PARC کے درمیان ماہرانہ تبادلہ خیال، سائنسی میٹریل اور معلومات ، تحقیق دان اور طلباء ،ماسٹر اور ڈاکٹریٹ کے ڈگری کے لیے سپانسرز پروگرام اور بین الاقوامی کانفرنس اور ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے این اے آر سی میں ECARDC کی تعمیر کے لیے فنڈز کی یقین دہانی کروائی اور لائیو سٹاک ،ایکولوجی ،مائیکرو بیالوجی اور دیگر شعبہ جات کی تحقیق میں مشترکہ سائنسی پیپرز بنانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔ تقریب کے موقع پر چئیرمین پی اے آر سی ، ڈاکٹر ندیم امجد نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کی دوستی بہت قدیم اور لا زوال ہے ۔انہوں نے کہا کہ چائنہ نے نہ صرف پاکستان کی زراعت میں بلکہ دفاع، تجارت اور معیشت سمیت دیگر کئی شعبہ جات میں مدد کی ہے۔ اور پاکستان نے بھی ہمیشہ اسی دوستی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ LZU اور پی اے آر سی کے درمیان تحقیقی نتائج کے تبادلہ اور زرعی معاونت کے لیے ایک معاہدے کی یاداشت پر دستخط بھی کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ معاونت سے زراعت سے منسلکہ تمام شعبہ جات میں نمایاں ترقی ہو گی۔ ڈاکٹر احسان اختر ،ڈاکٹر ارشد علی،ڈائریکٹرLRRI ،ڈاکٹر محمد منیر،ڈائریکٹر CCAEWRI، ڈاکٹر سرفراز احمد ،پراجیکٹ ڈائریکٹر RADP، ڈاکٹر الطاف شیر،ڈائریکٹر جنرل Coorاور سردار غلام مصطفی، ڈائریکٹر جنرل ،شعبہ تعلقاتِ عامہ ، پی اے آر سی بھی اس موقع پر شریک تھے۔