خبرنامہ پاکستان

ایمانداری کی مثال، چیئرمین سینیٹ نےآفس فرنیچراپنی جیب سےخریدا

اسلام آباد:(آئی این پی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے دوسروں کیلیے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے پارلیمنٹ چیمبرکیلیے فرنیچر اپنی جیب سے خرید لیا. چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے حال ہی میں پارلیمنٹ کے اپنے آفس کا فرنیچر تبدیل کیا اور اپنی جیب سے 6 لاکھ50 ہزارروپے ادا کیے۔ انھوں نے اپنے اسٹاف کو یہ بھی بتایا کہ بطور چیئرمین اپنے عہدے کی میعاد پوری ہونے پر وہ فرنیچر اپنے ساتھ لے جانے کا حق رکھتے ہیں جب رضا ربانی نے اپنے آفس کیلیے فرنیچرکا انتخاب کیا تو ان کے اسٹاف نے انھیں بتایا کہ قواعد و ضوابط کے مطابق فرنیچر کی خریداری کیلیے اشتہار دینا ضروری ہے پھر انھوں نے اپنی جیب سے مذکورہ رقم ادا کر دی۔ انھوں نے اپنے اسٹاف کو عید ملن پارٹی بھی دی اور تمام اخراجات خود ادا کیے، انھوں نے غیر ملکی مہمانوں کیلیے اعزازی شیلڈز بھی خریدیں جب کہ سادگی کی مثال برقرار رکھتے ہوئے وہ سرکاری گاڑیوں کے بجائے کرائے کی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں، انھوں نے سینیٹ کی حالیہ بھرتیوں میں بھی پی پی رہنمائوں کی تمام سفارشوں کو مسترد کیا۔