خبرنامہ پاکستان

ایم کیوایم کے پارلیمنٹینئرز منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ایف آئی اے رپورٹ

ایم کیوایم کے پارلیمنٹینئرز منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، ایف آئی اے رپورٹ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایم کیوایم کے اراکینِ قومی اسمبلی، سینیٹرز اور ڈپٹی مئیر کے ذریعے بیرون ملک رقم منتقل ہوتی رہی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی ایم کیوایم اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں ایف آئی اے کے تفتیشی افسر پیش ہوئے اور انہوں نے تفتیشی رپورٹ جمع کرادی۔ اسٹنٹ دائریکٹر ایف آئی اے محمد علی ابڑو کی پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایم کیوایم کے ویلفئیرادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے فنڈرز کا غلط استعمال کیا گیا، متحدہ کے اراکین قومی اسمبلی، سینیٹرز اور ڈپٹی مئیر کے ذریعے بیرون ملک رقم منتقل ہوتی رہی۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہم نے اس حوالے سے رینجرز اور دیگر اداروں سے معلومات طلب کرلی ہیں جب کہ وزارت خارجہ کے ذریعے دوسرے ممالک سے بھی معلومات منگوائی جارہی ہیں اور برطانوی حکومت اور متحدہ عرب امارات سے بھی بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔تفتیشی افسر نے کہا کہ میرے پاس اب اس کیس کی تفتیش نہیں ہے کیوں کہ حکام بالا کے حکم پر تفتیش اسلام آباد ایف آئی اے منتقل کردی گئی ہے لہذٰا مفرور ملزمان کی رپورٹ پیش نہیں کرسکتا۔
عدالت نے ایف آئی اے کی رپورٹ منظور کرلی اور بانی ایم کیوایم، محمد انور، طارق میر اور خواجہ ریحان منصور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔