خبرنامہ پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان کا سربراہ کون ؟ فیصلہ نہ ہو سکا

ایم کیو ایم پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان کا سربراہ کون ؟ فیصلہ نہ ہو سکا

اسلام آباد: (ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کنوینیئر شپ سے متعلق کیس کی سماعت بغیر کارروائی 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں بینچ نے ایم کیو ایم کنوینیئرشپ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ فاروق ستار کے وکیل بابر ستار الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تاہم خالد مقبول صدیقی کے وکیل فروغ نسیم مصروفیت کے پیش نہیں ہوسکے ۔ خالد مقبول صدیقی کی جانب سے بیرسٹر سیف الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
وکیل بابر ستارنے کہا کہ پارٹی کنوینیئر شپ کا مسئلہ سینیٹ الیکشن میں بھی اثر انداز ہوا ہے ، فروغ نسیم سینیٹر منتخب ہو چکے ہیں اب انکی دلچسپی نہیں رہی ، سینیٹ چیئرمین کے الیکشن سے پہلے معاملہ حل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے فروغ نسیم کو 13 مارچ کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ کے رہنما علی رضا عابدی نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات سے قبل فروغ نسیم بار بار اس کیس کو جلد نمٹانے کا کہہ رہے تھے ، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد فروغ نسیم کی دلچسپی کیس میں ختم ہوگئی ، بہادر آباد کے ساتھیوں کی جانب سے کوئی بھی آج پیش نہیں ہوا ۔ علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ جھگڑے کو بڑھانے میں بہادر آباد کے بھائیوں کا ہاتھ ہے ، فروغ نسیم بہادر آباد گروپ کے ساتھ ہیں اس لیے سیاسی جماعتیں ان سے رابطہ کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بہت بڑی ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے ، ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کی جائے۔