خبرنامہ پاکستان

ایم کیو ایم کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

ایم کیو ایم کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

کراچی:(ملت آن لائن) رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف تھانہ تیموریہ میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا‘ مقدمے میں اغوا،دست درازی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے حوالے سے دفعات شامل کی گئی ہیں۔ علینہ نامی خاتون نے شہر قائد کے تھانہ تیموریہ میں رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرادیا۔ اس سے قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں ایک مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے اس معاملے میں ممتاز سماجی رہنما صارم برنی سے مدد کی اپیل کی جن کی کوششوں سے پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ سےتعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ صارم برنی کا کہنا ہے کہ لڑکی نے کئی بار مقدمہ درج کرنے کی کوشش کی مگر کئی ماہ گزر جانے کے باوجود بھی پولیس نے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی زور دینے پر پولیس نے لڑکی کو الٹا گرفتار کرلیا تھا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ ’میری درخواست عدالت میں زیر سماعت ہے، خاتون نے ماں کے کینسر کا کہہ کر 40 لاکھ روپے لیے اور اب ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ خاتون نے 4 جنوری کو میرے خلاف درخواست جمع کرائی جبکہ میں نے خاتون کیخلاف درخواست 16جنوری کو جمع کرائی تھی ، میرے خلاف خاص مقصد کے تحت سازش کی جارہی ہے۔
وزیرداخلہ سندھ کا نوٹس
اے آر وائی پر خبر نشر ہوئی تو وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے صارم برنی سے رابطہ کیا تھااور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی تھا۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی واقعے کی مکمل تفتیش کر کے رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد تمام تر حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے۔