خبرنامہ پاکستان

اینٹی نارکوٹکس فورس نے 9.551ٹن منشیات برآمد کر لی

راولپنڈی (ملت آن لائن + آئی این پی) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 9 ملک گیر کاروائیوں کے دوران 24.76 ارب روپے بین الاقوامی مالیت کی 9.551 منشیات برآمد کر لیں۔ ان کاروائیوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 4 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 5793.5 کلو گرام افیون، 2246.3 کلو گرام ہیروئن اور 1511.2 کلو گرام چرس شامل ہے۔اے این ایف کوئٹہ نے کلہ عبداللہ اور پنجگور میں خفیہ اطلاعات پر مبنی 3 الگ الگ کاروائیوں کے دوران 9.539 ٹن منشیات قبضے میں لے لی۔ تفصیلات کے مطابق کلی نورک سلیمان خیل، تحصیل گلستان، ضلع کلہ عبداللہ میں کی گئی بڑی کاروائی کے دوران 5793 کلو گرام افیون قبضے میں لے لی گئی جبکہ دوسری کاروائی کے دوران تحصیل و ضلع کلہ عبداللہ کے علاقے کلی حاجی خان روغانی کے ایک غیر آباد مقام سے 2246 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لی گئی۔ اطلاعات کے مطابق ، برآمد شدہ منشیات کسی نامعلوم منزل کی طرف روانہ کئے جانے کی غرض سے محفوظ مقام پر چھپائی گئی تھی۔ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے سبز آب کے قریب سوراب، پنجگور روڈ، تحصیل و ضلع پنجگور سے ایک بغیر نمبر ٹرک کو قبضے میں لے کراس میں موجود 1500 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔منشیات بیرون ملک اسمگل کئے جانے کے لئے کسی محفوظ مقام پر منتقل کی جا رہی تھی۔اے این ایف راولپنڈی نے پنجاب کالج، جنڈ، اٹک کے قریب کاروائی کے دوران اٹک کے رہائشی محمد الیاس نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے ریلوے پھاٹک اٹک کے قریب ایک سوزوکی بولان نمبر RIA-3446 روک کر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 1.2 کلو گرام چرس اور 500 گرام افیون برآمد کر کے چارسدہ کے رہائش وارث خان نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔اے این ایف لاہور روڈ چیک ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران چورس ٹینک، گرین ٹاؤن، لاہور کے قریب ایک ٹویوٹا کرولا کار نمبر RA-413 اور یاماہا موٹرسائیکل نمبر LXD-9468 کو روک کر دوران تلاشی 2.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے کوہاٹ کے رہائش نوید خان اور لاہور کے رہائشی محمد ساجد خان نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے جامعہ مسجد، سرگودھا روڈ، فیصل آباد کے قریب مردان کے رہائشی ممتاز نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب ایک مسافر ویگن کو روک کر دوران تلاشی اس میں سوار خیبر ایجنسی کے رہائشی بہرام خان نامی ملزم کے ذاتی قبضے سے 300 گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے موٹروے ٹول پلازہ، پشاور کے قریب ایک ایک مسافر ویگن کور روک کر اس میں سوار مظفر گڑھ کے رہائشی مختیار احمد نامی ملزم کے قبضے سے 4.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔