خبرنامہ پاکستان

اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں آپریشن، 1.8 ٹن منشیات برآمد

راولپنڈی : اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک میں بھر میں کیے جانے والے مختلف آٓپریشنز میں 18 گاڑیوں سے 1.8 ٹن منشیات پکڑ لی، جبکہ منشیات کی منتقلی میں مبینہ طور پر شامل 30 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

انسدادِ منشیات کے ادارے کی جانب سےجاری کردہ پریس ریلیزمیں بتایا گیا کہ پکڑی جانے والی منشیات میں ایک ہزار 7 سو 13 کلوگرام حشیش، 59 کلو گرام افیون، 25 کلوگرام ہیروئن،اور 12 کلو گرام ایمفیٹامین شامل ہے۔

جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اے این ایف نے گجرات کے رہائشی عظمت علی کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا جس کے قبضے سے 1.8 کلو ایمفیٹا مین برآمد ہوئی۔

راولپنڈی میں ہی کی گئی ایک اورکارروائی میں اسلام آباد ٹول پلازہ پر ایک کار کو روک کر 3.3 کلو حشیش نکال لی گئی جو کار کے دروازوں میں چھپائی گئی تھی، جبکہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے امجیداللہ اور عبدالقادر کو حراست میں لیا گیا۔

دوسری جانب اے این ایف نے موٹروے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے، اسلام آبادلاہورموٹر وے پر چکری کےمقام سے ایک کار سے 2 کلو ہیروئن، جبکہ اسلام آباد ٹول پلازہ پر ہی کی گئی ایک اور کارروائی میں ایک کار سے 81.055 کلو حشیش اور 12.420 کلو گرام افیون برآمد کر کے گجرانوالہ کے رہائشی اشتیاق احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ادھر اے این ایف لاہور نے ایک علیحدہ آپریشن میں اوکاڑہ کے رہائشی اسرار خان اور ساہیوال کے سرفراز سے 30 کلو گرام حشیش ، جبکہ کوہاٹ کے نصیر خان سے 18 کلو حشیش برآمد کی۔
اس کے علاوہ اے این ایف نے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے برطانیہ بھجوائے جانے والے پارسل سے 5.1 کلو ہیروئن بھی برآمد کی، اس کے ساتھ پشاور کے رہائشی محمد اجمل سے لاہور میں ہی کارمیں چھپائی گئی 2.25 کلو ہیروئن برآمد کی۔

اسی قسم کے دیگرآپریشنزمیں پشاور کے رہائشی سردار علی سے 7.2کلو گرام حشیش ، گجرانوالہ کے شہریوں محمد سلیم اورعمران علی سے 24 کلو ہیروئن، لاہور کے شہری محمد سجاد سے 10.8 کلو افیون، پشاور کے رہائشی فضل ربی سے 6 کلو گرام افیون، جبکہ سجاد خان اور عبدالوہاب کو 27.6 کلوحشیش برآمد کرکے گرفتار کرلیا گیا۔

اس کے علاوہ رحیم یار خان کے رہائشی احمد آفتاب کو ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گرفتار کر کے 2.67 کلو ایمفیٹامین برآمد کی گئی۔

دوسری جانب اے این ایف پشاور نے ٹول پلازہ پر ایک مشتبہ کار کو روک کر 26کلو حشیش برآمد کی جبکہ پشاورایئرپورٹ پر سامان سے 795 یمفیٹامین برآمد ہونے پر کوہاٹ کے رہائشی عرفان کو حراست میں لے لیا گیا۔

اسی طرز کی ایک اور کارروائی میں کوہاٹ پل کے پاس مشتبہ کار کو روک کر پشاور کے شہری محمد عدنان کو 12 کلو ہیروئن کے ساتھ پکڑ لیا گیا۔

مزید تفصیلا ت کے مطابق قصور میں محمد وقاص نامی شخص کی ملکیت سے 25 کلو ہیروئن ، جبکہ 6 کلو افیون اور 3.4 کلو حشیش پکڑ نے کے بعد کرک کے رہائشیوں حضرت علی رحمٰن، سردار علی خان اور امین خان کو گرفتار کرلیا گیا۔