خبرنامہ پاکستان

ایوان کو اعتماد میں نہیں لینا تو ہم یہاں کیوں بیٹھے ہیں؟’

ایوان کو اعتماد میں نہیں لینا تو ہم یہاں کیوں بیٹھے ہیں؟’
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے امورِ داخلہ طلال چودھری آج بھی احسن اقبال کے بغیر اکیلے ایوان میں آ گئے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ احسن اقبال جہاز میں ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا یہ ایوان پوچھنا چاہتا ہے کہ کیوں آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو بلایا گیا؟ رضا ربانی بولے، جہاز میں ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ شہر سے باہر جا رہے ہیں، یہ اتنا بڑا معاملہ ہے کہ آپ کے وزیر قانون کو استعفیٰ دینا پڑا، وزیر اعظم کہاں ہیں؟ طلال چودھری بولے، وہ بیرون ملک ہیں۔
چیئرمین سینیٹ بولے، وزیر اعظم بیرون ملک چلے گئے اور وزیر داخلہ شہر سے باہر، اتنا کچھ یہاں ہو گیا، فوج بلا لی گئی اور اس ایوان کو کچھ بتایا نہیں جا رہا۔ رضا ربانی نے طلال چودھری سے یہ بھی کہا کہ جو آپ کے ساتھ کھڑا ہو سکتا ہے، وہ یہ پارلیمنٹ ہے لیکن اس کو کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی۔ سینیٹ کے اجلاس کے دوران دھرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعظم سواتی نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کو جواب دیتے ہوئے حکمران جماعت کے سینئر رہنماء راجا ظفر الحق بولے، پارلیمنٹ کے سامنے 126 دن دھرنا دیا گیا، کوئی پارلیمنٹ کے اندر جا سکتا تھا، نہ باہر آ سکتا تھا، اگر پارلیمنٹ آج مقدس ہے تو پہلے بھی تھی، جو بھی ہوا بدقسمتی ہے، ابھی بھی معاملہ حل نہیں ہوا، دھرنے والے کہتے ہیں کہ جو گرفتار ہیں انہیں رہا کیا جائے، کارکنان کی رہائی کے بغیر نہیں جائیں گے، مجھے نہیں معلوم کہ اس وقت کتنے لوگ گرفتار ہیں، ایک سے دو روز میں ایوان کو تمام صورتحال بتائیں گے۔