خبرنامہ پاکستان

ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف کے وکیل کی غیرملکی گواہ پر آج بھی جرح جاری

ایون فیلڈ ریفرنس

ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف کے وکیل کی غیرملکی گواہ پر آج بھی جرح جاری

اسلام آباد:(ملت آن لائن) احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی نیب کے غیرملکی گواہ رابرٹ ولیم ریڈلی پر جرح جاری ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کیس کی سماعت کررہے ہیں۔
پاکستان ہائی کمیشن سے نیب کے گواہ فرانزک ماہر رابرٹ ریڈلی سے جرح لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران رابرٹ ریڈلی نے اپنا بیان قلمبند کرایا تھا جس پر خواجہ حارث نے جرح کی اور آج وہ دوبارہ ان پر جرح کریں گے۔ برطانوی شہری رابرٹ ریڈلی فرانزک ماہر ہیں اور پاناما کیس کی تحقیقات کے دوران انہوں نے کیلبری فونٹ کا نکتہ اٹھایا تھا اور گزشتہ روز جرح کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ 2005 میں کیلبری فونٹ موجود تھا۔
ایون فیلڈریفرنس: کیلبری فونٹ2005 میں موجود تھا، نیب کے برطانوی گواہ رابرٹ ریڈلی کا اعتراف
نیب کے دوسرے غیرملکی گواہ اختر راجا ہیں جن کا بعد میں بیان قلمبند ہونے کے بعد جرح ہوگی۔ خیال رہے کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر ملزم قرار دیے گئے ہیں۔
کیس کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ پراپرٹیز (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا۔ العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
نواز شریف کے خلاف 2 ضمنی ریفرنسز سماعت کے لیے مقرر
نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اب تک احتساب عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے انہیں مفرور قرار دے کر ان کا کیس الگ کردیا تھا۔ نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں تین ضمنی ریفرنسز بھی دائر کیے گئے ہیں جن میں ایون فیلڈ پراپرٹیز ضمنی ریفرنس میں نواز شریف کو براہ راست ملزم قرار دیا گیا ہے۔ جب کہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ضمنی ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نامزد ہیں۔