خبرنامہ پاکستان

ایون فیلڈ ریفرنس: نیب کا شریف خاندان کے خلاف نیا گواہ لانے کا فیصلہ

ایون فیلڈ ریفرنس

ایون فیلڈ ریفرنس: نیب کا شریف خاندان کے خلاف نیا گواہ لانے کا فیصلہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس میں شریف خاندان کے خلاف نیا گواہ لانے کا فیصلہ کرلیا۔ نیب کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ظاہر شاہ کو گواہ بنایا جائے گا، جنہوں نے برطانیہ سے موصول دستاویزات وصول کی تھیں۔ نئی اضافی دستاویزات ریکارڈ پر لانے کے لیے ظاہر شاہ کو گواہ بنایا جا رہا ہے، نیب ذرائع کے مطابق نیب تفتیشی افسر اور ڈی جی آپریشنز کا بیان قلمبند کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں تمام گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں۔ دو روز قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کرنے والے نیب کے متعلقہ ونگ کو ایون فیلڈ پراپرٹیز کے حوالے سے انتہائی اہم دستاویزات حاصل ہوئی ہیں جن میں برطانوی لینڈ رجسٹری ریکارڈ میں جائیدادوں کی ملکیت اور خریدو فروخت کی مکمل تفصیل موجود ہے۔
نیب نے لندن سے ایون فیلڈ پراپرٹیز کا اہم ریکارڈ حاصل کرلیا
نیب کو حاصل دستاویزات کے مطابق ایون فیلڈ پراپرٹیز کی ملکیت بے نامی کمپنیوں نیلسن اینڈ نیسکول کے نام 1993 سے 1995 کے درمیان منتقل ہوئی۔ دستاویزات شریف خاندان کے اس دعوے کی نفی کرتی ہیں کہ ایون فیلڈ پراپرٹیز کی منتقلی 2006۔2005 میں ہوئی۔ 1993 سے 1995 کے دوران میاں نواز شریف کے بچوں کے کوئی ذرائع آمدن نہیں تھے اور ان جائیدادوں کے اصل مالک میاں نواز شریف ہی ہیں۔ نیب کو حاصل ہونے والے موزیک فونسیکا کے ریکارڈ کے مطابق مریم نواز ان جائیدادوں کی بینیفشل آنر بھی ہیں۔ واضح رہے کہ شریف خاندان ان حقائق کو جھٹلا چکا ہے اور احتساب عدالت میں ان کے وکیل نے جرح کے دوران ثابت کیا کہ نیب کی دستاویزات قانون کے مطابق درست نہیں اور ذریعہ دستاویزات کی ثبوت کے طور پر کوئی حیثیت نہیں۔
نیب ریفرنسز کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔ دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے ان تینوں ریفرنسز کے ضمنی ریفرنسز بھی احتساب عدالت میں دائر کیے جاچکے ہیں۔