خبرنامہ پاکستان

ایون فیلڈ ریفرنس: واجد ضیاء پر تیسرے روز بھی جرح جاری رہے گی

ایون فیلڈ ریفرنس

ایون فیلڈ ریفرنس: واجد ضیاء پر تیسرے روز بھی جرح جاری رہے گی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر آج تیسرے روز بھی جرح جاری رہے گی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کریں گے اور آج کی کارروائی کے دوران بھی نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جرح جاری رکھیں گے۔ گزشتہ دو روز کے دوران ہونے والی سماعت کے دوران خواجہ حارث نے لندن فلیٹس کی ملکیت سے متعلق واجد ضیاء سے سوالات کیے۔
لندن فلیٹس: نواز شریف کے بینیفشل اونرہونے کی دستاویزات پیش نہیں کیں، واجد ضیا
جے آئی ٹی سربراہ کو گلف اسٹیل ملز اور قطری شہزادے کے خط سے متعلق بھی سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ واجد ضیاء نے کہا کہ لندن فلیٹس سے متعلق ایسی دستاویزات پیش نہیں کیں جن سے ثابت ہو کہ نواز شریف بینی فیشل اونر ہیں۔ واجد ضیاء نے گزشتہ سماعت پر یہ بھی انکشاف کیا کہ قطری شہزادے کو سوالنامہ بھیجنے کے معاملے پر جے آئی ٹی ممبران میں اتفاق نہیں ہوا تھا۔
نیب ریفرنسز کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔ دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے ان تینوں ریفرنسز کے ضمنی ریفرنسز بھی احتساب عدالت میں دائر کیے جاچکے ہیں۔