خبرنامہ پاکستان

ایٹم بم صندوق میں سنبھالنے کیلئے نہیں: مولانا

اسلام کو ختم کرنا

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کشمیری عوام اور ان کی قیادت وزیر اعظم نواز شریف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیریوں کو متفقہ پیغام دیتے ہیں کہ آپ تنہاء نہیں ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیری عوام کو بھوک اور افلاس کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بھارتی فوج کشمیر میں قتل عام کر رہی ہے، ہزاروں کشمیری اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا کے ضمیر کو جگانا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں 90 روز سے کرفیو نافذ ہے، وزیر اعظم کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مسلم ممالک کے سربراہان کا اجلاس بلایا جانا چاہئے، او آئی سی کا اجلاس بلا کر امت مسلمہ کو اس مسئلے پر ایک کیا جانا چاہئے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کے لئے تیار نہیں، ہمیں عالمی فورم پر کشمیریوں کی وکالت کرنا ہو گی۔ مولانا فضل الرحمٰن کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے خطے کو بنجر بنانے کی دھمکی دی ہے، ہماری زراعت کو تباہ کیا جا رہا ہے اور دریاؤں پر ڈیم بنائے جا رہے ہیں، ہماری ایک جامع پالیسی ہونی چاہئے۔