خبرنامہ پاکستان

ایک تیر سے2شکار بورڈ نے انضمام کو دوسری ’’نوکری ‘‘کی اجازت دیدی

لاہور(ملت آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو کرکٹ کی نئی طرز ٹی10 لیگ میں ٹیم خریدنے اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کا مینٹور بننے کی مشروط اجازت دے دی ۔سابق کپتان نے اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی سے خصوصی ملاقات کی جس کے بعد انہیں ان دو منصوبوں پر کام کرنے کی مشروط اجازت مل گئی۔ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے انضمام کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی جبکہ انضمام ٹی10 لیگ میں ایک ٹیم خریدنے کے بھی خواہاں ہیں۔دونوں فریقین کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں جس کے تحت انضمام جب تک لاہور قلندرز کے مینٹور رہیں گے ، اس وقت تک وہ پی سی بی سے چیف سلیکٹر کی تنخواہ نہیں لیں گے جبکہ ان پر دیگر آفیشلز کی طرح قومی ٹیم کے ہمراہ ڈگ آؤٹ میں بیٹھنے پر پابندی بھی لگا دی گئی ہے۔بورڈ کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر پی سی بی نے محسوس کیا کہ ان دو منصوبوں کے دوران قومی ٹیم کو انضمام کی خدمات کی ضرورت ہے تو انہیں فوری طور پر طلب کر لیا جائے گا۔انضمام الحق کے ساتھ ساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کو بھی یکساں شرائط کے ساتھ ٹی10 لیگ کا حصہ بننے کی اجازت دی گئی ہے ۔ٹی10 لیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد آئندہ ماہ 21 سے 24 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہو گا جہاں موجودہ اور سابق انٹرنیشنل کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے ۔