خبرنامہ پاکستان

لالچی مشیروں نے نوازشریف کو غلط مشورے دیئے، شہباز شریف

لالچی مشیروں نے نوازشریف کو غلط مشورے دیئے، شہباز شریف

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ گاڑی اور عہدے سے تعلق رکھنے والے ایک دو لالچی مشیروں نے نوازشریف کو غلط مشورے دیئے، نوازشریف مشاورت سے فیصلے کریں تو کوئی ہمارا بال بیکا نہیں کرسکتا۔

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ چاروں صوبوں کی تائید سے نواز شریف پارٹی صدر منتخب ہوئے، منتخب مقننہ نے قانون بنایا اس کے تحت نوازشریف کومنتخب کیا اور پارلیمانی طاقت سے نواز شریف کو دوبارہ قانونی قائد منتخب کیا ہے۔
نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب

شہبازشریف نے کہا کہ چارسال کے دوران مخالفین نے ہر جگہ دھرنے دیئے لیکن نوازشریف نے دھرنوں اور احتجاج کے باوجود ملک سے اندھیرے ختم کیے جب کہ سابقہ ادوار میں بجلی کے منصوبوں کے نام پر کرپشن ہوئی، جنہوں نے پاکستان کواندھیرے میں دھکیلا وہ آج سفید کپڑے پہن کربھاشن دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی اور عہدے سے تعلق رکھنے والے ایک دو مشیروں نے غلط مشورے دیئے، 2 ماہ پہلے پاناما عروج پر تھا تو پارلیمانی میٹنگ میں اہم باتیں کی تھیں، نواز شریف صاحب اللہ نے آپ کو پھرموقع دیا، اس عظیم قافلے اور کنبے کو بلائیں، مشاورت سے فیصلے کریں، مشاورت سے فیصلے کریں کوئی ہمارا بال بیکا نہیں کرسکتا۔