خبرنامہ پاکستان

ایگزیکٹ اسکینڈل: ایف آئی اے نے شعیب شیخ کو عدالت میں پیش کردیا

ایگزیکٹ اسکینڈل

ایگزیکٹ اسکینڈل: ایف آئی اے نے شعیب شیخ کو عدالت میں پیش کردیا

کراچی:(ملت آن لائن) ایف آئی اے نے بدنام زمانہ ایگزیکٹ اسکینڈل میں گرفتار شعیب شیخ کو سیشن عدالت میں پیش کردیا۔ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ نے شعیب شیخ کی بریت کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل منظور کی تھی جس کے بعد ملزم کے وکلا نے حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ ایف آئی اے حکام نے حفاظتی ضمانت مسترد ہونے کے بعد ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کو گرفتار کیا۔
ایگزیکٹ اسکینڈل: ایف آئی اے نے شعیب شیخ کو گرفتار کرلیا
ایف آئی اے حکام نے ایگزیکٹ کے سی ای او اور کیس کے ملزم شعیب شیخ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی اے حکام شعیب شیخ کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لائے اور اس دوران میڈیا نمائندوں کو بھی دور رہنے کی ہدایت کی گئی۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کی باقاعدہ گرفتاری کا اندراج کمرشل بینکنگ سرکل میں کردیا گیا ہے، انہیں فارن ایکسچینج ریگولیٹری ایکٹ میں گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق عدالت سے شعیب شیخ کو جیل بھیجنے کی استدعا کی جائے گی جس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہےکہ اس کیس کی دوبارہ سے تحقیقات کی جائیں گی۔
جعلی ڈگری کیس
اس سے قبل ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ہی ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے تعینات کی تفصیلات طلب کیں۔ عدالت سماعت کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر برہم ہوگئی اور پولیس کے ذریعے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔ اس پر صحافیوں نے مؤقف اپنایا کہ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے سماعت کی رپورٹنگ کی اجازت دی تھی، جج سارہ جونیجو نے کہا کہ کوئی بھی آرڈر کرے، میڈیا میری عدالت کی کوریج نہیں کرسکتا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 مارچ تک ملتوی کردی۔