خبرنامہ پاکستان

ایگزیکٹ اسکینڈل: شعیب شیخ کیخلاف دوبارہ ٹرائل کی ایف آئی اے کی اپیل منظور

ایگزیکٹ اسکینڈل:

ایگزیکٹ اسکینڈل: شعیب شیخ کیخلاف دوبارہ ٹرائل کی ایف آئی اے کی اپیل منظور

کراچی:(ملت آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے بدنام زمانہ ایگزیکٹ اسکینڈل کیس میں ملزم شعیب شیخ اور دیگر کے خلاف سیشن کورٹ میں دوبارہ ٹرائل چلانے کی ایف آئی اے کی اپیل منظور کرلی۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ایگزیکٹ اسکینڈل حوالہ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے شعیب شیخ کی بریت کے خلاف اور مقدمہ ٹرائل کورٹ سماعت کے لیے بھیجنے کی اپیل کی سماعت کی۔
چیف جسٹس پاکستان نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا از خود نوٹس لے لیا
عدالت نے ایف آئی اے کی اپیل منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم شعیب شیخ اور دیگر کے خلاف سیشن کورٹ میں دوبارہ ٹرائل چلایا جائے اور ملزم شعیب شیخ تین مارچ کو عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں سیشن کورٹ کو مقدمے کا فیصلہ تین ماہ میں سنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت سے اپیل منظور ہونے کے بعد ایف آئی اے نے ملزم شعیب شیخ کو گھیرے میں لے لیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزم شعیب شیخ ضمانت پر نہیں اس لیے انہیں گرفتار کیا جائے گا جب کہ ملزم شعیب شیخ کے وکلا نے کہا کہ عدالت نے گرفتاری کا کوئی حکم نہیں دیا تاہم ملزم شعیب شیخ اپنے وکلا کی مدد سے واپس عدالت میں چلے گئے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں جعلی ڈگری کا کاروبار کرنے والی کمپنی ایگزیکٹ کا انکشاف 18 مئی 2015 کو امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے کیا۔ ایگزکٹ کا جعلی ڈگریوں کا اسکینڈل دنیا بھر میں پاکستان کے لیے بدنامی کا باعث بنا کیونکہ ایگزیکٹ جعلی ڈگریوں، پیسے چھاپنے اور لوگوں کو بلیک میل کرنے کا کاروبار دنیا بھر میں پھیلا چکی تھی۔