خبرنامہ پاکستان

ایگزیکٹ کا ایک اور کارنامہ ، میانمر کے نامزد وزیر کو پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری

اسلام آباد:(اے پی پی )بدنام جو ہوں گے ،تو کیا نام نہ ہو گا ، پاکستان کا نام ڈبونے والےآئی ٹی کے ادارے کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا ۔ میانمار کے ایک نامزد وزیر نے پی ایچ ڈی کی ڈگری آن لائن خریدی جو جعلی نکلی ۔ آن لائن ڈگریاں بیچنے والے پاکستانی ادارے ایگزیکٹ Axect کا ایک نیا شکار سامنے آ گیا ۔ میانمار کی نئی کابینہ میں منصوبہ بندی اور اقتصادیات کے لیے نامزد وزیر کیاؤ ون نے پی ایچ ڈی کی آن لائن جعلی ڈگری پاکستان سے حاصل کی ۔ اِس بات کا انکشاف اُس وقت ہوا، جب میانمار میں حکومت تشکیل دینے والی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیمو کریسی نے اُن کی تعلیمی اسناد کو عوامی رسائی کے لیے پیش کی جس کے بعد جعلی ڈگری کا بھانڈہ تب پھوٹا جب کیاؤ وِن نے اعتراف کیا کہ انہوں نے امریکا کی بروکلِن پارک نامی فرضی آن لائن یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی جعلی ڈگری خریدی تھی ۔ یہ یونیورسٹی پاکستان سےجعلی اسناد فروخت کرتی تھی ۔ بروکلِن پارک اُن تین سو ستر تعلیمی ویب سائٹوں میں شامل ہے جن کا پردہ گذشتہ برس ایک امریکی ادارے نے چاک کیا تھا ۔ اب یہ سامنے آنا باقی ہے کہ وِن کابینہ کے وزیروں کی فہرست میں شامل رہیں گے یا نہیں ۔ ایگزٹ کمپنی کی جانب سے پاکستان اور بیرون ملک میں جعلی ڈگریوں کا مکروہ دھندا کیا جس کے سربراہ شعیب شیخ سے وفاقی تحقیقاتی ادارہ تفتیش کر رہا ہے ۔ اس سکینڈل نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام بدنام کیا ۔