خبرنامہ پاکستان

ایگزیکٹ کیس: سیشن جج نے معذرت کرلی

ایگزیکٹ

ایگزیکٹ کیس: سیشن جج نے معذرت کرلی

کراچی:(ملت آن لائن) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سارہ جونیجو نے بدنام زمانہ کمپنی ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کے خلاف جعلی ڈگری اور منی لانڈرنگ مقدمات سننے سے معذرت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔ آج ایگزیکٹ کے سی ای او اور مرکزی ملزم شعیب شیخ کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، تاہم ملزمان ذیشان انور، ذیشان احمد اور دیگر کو سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سارہ جونیجو نے اپنے چیمبر سے ہی شعیب شیخ کے خلاف مقدمات کی سماعت ملتوی کرنےکا حکم جاری کیا۔
عدالتی عملے کے مطابق معزز جج نے کہا ہے کہ جب تک کیس ٹرانسفر نہیں ہوتا تاریخ لے لیں۔
واضح رہے کہ مرکزی ملزم شعیب شیخ کے وکلا نےسیشن جج سارہ جونیجو پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔ عدالت نے چیمبر سے ہی جعلی ڈگری اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 29 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔ اس سے قبل گذشتہ روز شعیب شیخ کی ضمانت کی درخواست سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پہنور کی جانب سے اس معذرت کے بعد کہ وہ کراچی میں نہیں ہوں گے، جسٹس سلیم جیسر کو بھجوائی گئی تھی۔ تاہم جسٹس سلیم جیسر نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں درخواست کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کو بھجوا دیا، جسے بعدازاں جسٹس ںذر اکبر کے پاس بھیج دیا گیا۔