خبرنامہ پاکستان

بارات میں ڈالر اور ریال لٹانے کا معاملہ، ایف بی آر کا نوٹس

بارات میں ڈالر اور ریال لٹانے کا معاملہ، ایف بی آر کا نوٹس
اسلام آباد: (ملت آن لائن) ایف بی آر نے شجاع آباد کے رہائشی دلہا کو شادی میں غیر ملکی کرنسی اور موبائل فون لٹانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے دلہا اور دلہن والوں کے اثاثوں کی تحقیقات شروع کر دیں جس کے بعد آرٹی او ملتان اور آر ٹی او بہاولپور کی دوڑیں لگ گئیں۔خیال رہے کچھ روز قبل شجاع آباد سے خانپور ایک انوکھی بارات پہنچی جس نے دلہن کے گھر کے قریب آفیسرز کلب پہنچتے ہی روایتی رسم کے مطابق پاکستانی کرنسی لٹانے کے بجائے امریکی ڈالر، سعودی ریال اور ڈبہ پیک موبائل لٹانے شروع کردئیے جس پر علاقہ مکینوں سمیت بارات میں شریک افراد نے بھی موقع سے خوب فائدہ اٹھایا اور اپنی جیبیں بھرلیں۔ علاقہ کے مکینوں میں سے کسی نے امریکی ڈالر پر جھپٹا مارا تو کسی نے سعودی ریال کو پکڑ کر جیب میں ڈالا تو کوئی موبائل فون لوٹنے کے چکروں میں لوگوں کے پیروں تلے آ گیا۔ باراتیوں نے دلہن کے گھر تک پہنچتے پہنچتے کروڑوں روپے لٹا دئیے تھے۔واضح رہے کہ خانپور کے رہائشی بابا پیڑے والے کی پوتی کی شادی تھی جس کے پیڑے اور کھویا پورے پاکستان میں مشہور ہے جبکہ دلہا کا نام محمدا رشد معلوم ہواہے۔