خبرنامہ پاکستان

بازو مروڑ کے بات منوانے کا طریقہ قبول نہیں: خواجہ سعد رفیق

بازو مروڑ کے بات منوانے کا طریقہ قبول نہیں: خواجہ سعد رفیق

لاہور:(ملت آن لائن) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہےکہ کسی سے محاذ آرائی کی اورنہ کریں گے لیکن بازو مروڑ کے بات منوانے کا طریقہ قبول نہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوئی فرنٹ مین ہے نہ بیک مین، جو اثاثہ ہے ڈکلیئرڈ ہے، کبھی ناجائز کام نہیں کیا اور نہ کوئی کرواسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سے محاذ آرائی کی اورنہ کریں گے لیکن بازو مروڑ کےبات منوانے کا طریقہ قبول نہیں، جھوٹے الزامات لگانے والو اللہ کے غضب سے ڈرو۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہمیں خوفناک انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اب بھی وقت ہے بس کردیں اور ملک کو میرٹ پر چلنے دیا جائے، ملک کے دشمن پاکستان پر اور ہم ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں۔ سعد رفیق نے عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جمہوریت دشمن عناصر کا سب سے بڑا مہرہ عمران خان ہی ہے، شور مچا کر سچ کو جھوٹ میں نہیں بدل سکتے، ہم نے ملک میں آئین اور جمہوریت کی آبیاری کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی بالادستی اور جمہور کی حکمرانی کی جدوجہد کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جو چاہے کرلو، جمہوریت، آئین اور نوازشریف کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔