خبرنامہ پاکستان

بالائی علاقوں میں کڑاکے کی سردی ،سکردو میں درجہ حرارت منفی 12،کوئٹہ میں منفی 10تک گرگیا

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ملک کے بالائی حصوں میں کڑاکے کی سردی،اسکردو میں پارہ منفی بارہ،کوئٹہ میں منفی دس تک گرگیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے چند روز سندھ اور بلوچستان کے دیگرعلاقے بھی سرد ہواوں کی زد میں آجائیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔ سب سے زیادہ سردی اسکرود میں رہی جہاں پارہ منفی بارہ تک گرگیا۔ کوئٹہ میں منفی دس، قلات میں منفی نو، کالام منفی آٹھ، دالبندین، گوپس منفی چھ، پارا چنار، استور منفی پانچ، مالم جبہ، ہنزہ، مری، راولاکوٹ منفی چار، بگروٹ، دیر منفی تین، کاکول، گلگت، دروش میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔ مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔